پشاور میں صحت کا انصاف مہم کا پانچواں مرحلہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات

مہم کے دوران پشاور میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ موٹر سائیکل چلانے پر بھی شام 5 بجے تک پابندی ہے۔


ویب ڈیسک March 01, 2014
صت کا انصاف مہم کے موقع پر رضا کاروں کی 12 ہزار 500 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ فوٹو؛ فائل

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بچوں میں پولیو سمیت 9 وبائی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کے لئے چلائی جارہی 'صحت کا انصاف' مہم کا پانچواں مرحلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 'صحت کا انصاف' مہم کے پانچویں مرحلے میں شہر اور گرد و نواح میں 5 سال سے کم عمر کے تقریبا 8لاکھ بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس موقع پر رضا کاروں کی 12 ہزار 500 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو بچوں کو گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کریں گی۔ شہر کے تمام نجی اور سرکاری نجی اسکولوں میں بھی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سلمان خیل، ماشو خیل اور باڑہ شیخان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث 'صحت کا انصاف' مہم معطل کر دی گئی ہے جو سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد اگلے مرحلے میں شروع کی جائے گی۔

مہم کے دوران شہر میں امن کے قیام اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے 5 ہزار سے زائد رضاکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے جب کہ شہر میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت بھی بڑھا کر جگہ جگہ چیک پوائنٹس بھی تشکیل دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ شہر میں موٹر سائیکل چلانے پر بھی شام 5 بجے تک پابندی ہے۔

مقبول خبریں