فوج مخالف بیانات کا الزام لگانے والوں کوجہلم جلسے میں جواب دوں گا، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 9 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مجھ پر فوج مخالف بیانات دینے کا الزام لگایا ہے جس کا جواب آئندہ روز جہلم میں ہونے والے عوامی جلسے میں دیں گے۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج چور اچکوں، ڈاکوؤں کو قوم پر مسلط کردیا گیا ہے اور یہی بات لوگوں کودل پر لگی ہے، باپ اور بیٹے پر16 ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے حکم کیا جارہا ہے کہ اپنے وزیراعظم کو ہٹاؤ، لیکن ان میں بیٹھا کوئی بے شرم کہتا ہے ایسے مراسلے آتے رہتے ہیں، ہم نے خود کو ڈی گریڈ کیا ہے اور ٹشو پیپر بنادیا ہے اسی لیے ایسی تکبر بھری دھمکیاں آتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف انتہائی جھوٹ بول رہےہیں، ان کا پورا خاندان جھوٹا ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے فوج کی توہین کردی ہے تو شہباز شریف سن لو میں تم کو کل جہلم کے جلسے میں جواب دونگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی چیئرمین نے ملک بھر میں تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایپ کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں ہم نے کئی جگہ غلط ٹکٹ دے کر اپنا نقصان کرایا، لیکن اب ہم ماڈرن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس ہر قسم کا ڈیٹا آجائے گا، الیکشن کمیشن، امیدوارکی ویری فکیشن کا بھی ڈیٹا آجائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔