چینی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، خاتون خودکش بمبار گرفتار

ویب ڈیسک  پير 16 مئ 2022
گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا، سی ٹی ڈی ۔ فوٹو:فائل

گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا، سی ٹی ڈی ۔ فوٹو:فائل

تربت: سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کی گئی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تربت سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں۔

یہ پڑھیں: خودکش بمبار کی سہولت کار خاتون کا خاکہ تیار

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے، دہشت گردوں کی جانب سے تیار خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلہ کو نشانہ بنانا جاہتی تھی اور گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خودکش خاتون کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں چین کے اساتذہ کو لے جانے والی وین کو خودکش بمبار نے دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں تین چینی باشندے اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔

واقعے کی بعد تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خود کش بمبار شاری بلوچ نامی خاتون تھی، بم دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، حراست میں لیے جانے والوں میں خودکش بمبار خاتون کے شوہر کے قریبی دوست بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔