عدلیہ اپنی عزت اور وقار میں کمی کررہی ہے تو پھر ہم سے شکایت نہ کی جائے، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 کراچی: جعمیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عدلیہ اپنی عزت اور وقار میں کمی کررہی ہے تو پھر ہم سے شکایت نہ کی جائے، عمران کے ایک جلسہ کے بیان پر سوموٹو لے لیا گیا۔ 

کراچی میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بشیر میمن چیخ چیخ کر کہتا رہا کہ عمران خان نے غلط کام کا بولا مگر اس پر عدالت نے کوئی سوموٹو نہیں لیا، پانامہ پیپر کے بعد افسران کو لگایا گیا تو کوئی نوٹس نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ  اگر عمران کے جلسے کے دباو میں سوموٹو لینا ہے تو پھر جے یو آئی کے کارکنان بھی میدان میں ہیں، عدلیہ نے اگر حکومت کرنی ہے تو سامنے آجائے ایگذیکٹیو کو اپنا کام کرنے دیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معززعدالت سے کہتا ہوں جب ایک افسر نے اپنے اختیارات کے تحت افسران کو تبدیل کیا تو پھر سوموٹو کیوں لیا، اچھا ہوا عمران خان اقتدار میں آگیا،  اس کی نالائقی کا پتہ چل گیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک مخصوص لابی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں تھی، آپ کی آواز پر پاکستان میں کوئی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجرت نہ کرسکا، ہماری کاوشوں نے اس لابی کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مؤقف سے پیھچے ہٹنے پر مجبور کردیا، پاکستان میں یہودیوں کے ایجنٹوں کو کراچی کے سمندر میں دفن کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی سیاست بدنام ہوگئی، کارکردگی کے لحاظ سے نااہل ثابت ہوئے اور دماغی طور پر بیمار ظاہر ہوئے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔