شیریں مزاری کی دوران گرفتاری مزاحمت کی ویڈیو منظرعام پر

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کیے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہیں خاتون اہل کاروں کے ساتھ مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کیے جانے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر اینٹی کرپشن ونگ پنجاب کے ساتھ خاتون پولیس اہلکار موجود ہیں، شیریں مزاری کے کار میں گھر واپس آتے ہی خاتون اہلکاروں نے انہیں ساتھ چلنے کے لیے کہا لیکن شیریں مزاری کار سے نہیں اتریں۔

اس دوران شیریں مزاری اور اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا جس میں شیریں مزاری نے انہیں کہا کہ آپ کون ہوتی ہیں مجھے گرفتار کرنے والی۔

یہ پڑھیں : تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا گیا

انکار پر خاتون اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنما کو کار سے باہر نکالنے کی کوشش کی جس پر شیریں مزاری نے مزاحمت کی تاہم خاتون اہلکاروں نے انہیں زبردستی کار سے باہر نکالا اور حراست میں لے لیا۔

اسی سے متعلق : شیریں مزاری اور 40 ہزار کنال زمین

واضح رہے کہ شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے الزام عائد کیا تھا کہ گرفتاری کے وقت مرد پولیس اہلکاروں نے ان کی والدہ پر تشدد کیا اور اغوا کرکے لے گئے تاہم ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ایمان مزاری کا الزام دم توڑ گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔