فکسنگ اسکینڈل میں ملوث سلمان بٹ سنگاپور کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مقرر

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
(فوٹو: پی سی بی)

(فوٹو: پی سی بی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن نے قومی ٹیم کا کنسلٹنگ ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سعد جنجوعہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت سلمان بٹ سنگاپور میں ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں گے جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم کے ٹرینر جمال حسین بھی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کی حیثیت سے ایسوسی ایشن کا حصہ بنیں گے۔

سنگاپور کرکٹ ٹیم کو اگلے پانچ ماہ کے دوران آئی سی سی کے تین اہم ایونٹس میں جگہ بنانے کی جہدوجہد کرے گی۔

سلمان بٹ کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سونپنے کے بعد تین کوالیفائر مقابلے ہوں گے، جن میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جولائی میں زمبابوے میں ہو گا، ایشیا کپ اگست میں جبکہ آئی سی سی مینز چیلنج لیگ کینیڈا میں منعقد ہوگا۔

سال 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سابق کرکٹر سلمان بٹ کی سب سے پہلی کوچنگ جاب ہے۔

واضح رہے کہ 2010 میں فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد پابندی عائد کی گئی تھی جس کو جنوری 2016 میں ختم کر دیا گیا تھا تاہم کئی واپسی پر انہوں نے کئی ڈومیسٹک سیزن کھیلے لیکن قومی ٹیم تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔