لاہور پولیس کا تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف دوبارہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پولیس پر تشدد کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل


ویب ڈیسک May 28, 2022
کارکنوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل

پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے، پولیس موبائلز اور سرکاری املاک کو نقصان پہچانے والے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دے گئی ہیں۔ کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد بھی لی جائے گی۔

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے کچھ ملزمان موقع سے گرفتار کیے جا چکے ہیں، توڑ پھوڑ،تشدد میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں مظاہرین کے خلاف مختلف تھانوں میں 11 مقدمات درج ہیں جن میں دوہزار کے قریب نامعلوم افراد شامل ہیں۔