سلمان خان کی جان کو خطرہ، سیکیورٹی سخت کردی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2022
لارنس بشنوئی کی جانب سے 2018 میں سلمان خان کو بھی قتل  کی دھمکی دی گئی تھی(فوٹو بھارتی میڈیا)

لارنس بشنوئی کی جانب سے 2018 میں سلمان خان کو بھی قتل کی دھمکی دی گئی تھی(فوٹو بھارتی میڈیا)

ممبئی: لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلما ن خان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق  سدھو موسے والا کے دن دیہاڑے قتل کے بعد بالی ووڈ کی کئی شخصیات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلما ن خان کی سیکیورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے 2018 میں سلمان خان کو بھی قتل  کی دھمکی دی گئی تھی تاہم اداکار اس منصوبے سے بچ نکلے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو بھی موت کے گھاٹ اتارے جانے کا خدشہ ہے جس کے پیشِ نظر ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سیکیورٹی میں پہلے سے زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممبئی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ  سلمان خان کے گھر اور اُن کے گرد سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر کسی قسم کی کوئی مشکوک حرکت نہ ہو۔


علاوہ ازیں اداکار کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر سیکیورٹی گھر سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں اورسفر کرنے کے لئے بلٹ پروف گاڑی کا استعمال لازمی کریں۔

یاد  رہے کہ بھارتی گلوکار اور مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کو 29 مئی کو بھارتی پنجاب میں قتل کردیا گیا تھا۔

سدھو موسے والا کو کس نے قتل کیا؟

سدھو موسے والا کو  قتل کرنے کی ذمہ داری کینیڈین نژاد بھارتی دہشت گرد گولڈی برار نے قبول کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے گینگ نے ہی سدھو موسے والا کو قتل کیا، گولڈی برار اور لارنس بشنوئی خطرناک دہشت گرد گینگ لارنس بشنوئی گروپ کے سربراہ ہیں

گینگ نے سدھو موسے والا کو قتل کیوں کیا؟

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے مطابق سدھو موسے والا نے اِن کے ایک کارندے کو قتل کروانے میں کردار ادا کیا تھا، یہ وجہ ہے کہ اُنہوں نے بدلے میں گلوکار کو قتل کیا ہے۔

دوسری جانب سدھو موسے والا کے قتل کے نتیجے میں ریاست  پنجاب اور اترکھنڈ میں پولیس نے متعدد کارروائیوں کے دوران 8 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے اور تفتیش کا دائرہ بھی بڑھا دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔