ایک اورجیت ابھی باقی ہے

پاکستانی ٹیم جب ردھم میں آتی ہے تو اس کی کارکردگی کے سامنے کوئی ٹھہر نہیں سکتا


Editorial March 05, 2014
بنگلہ دیش سے جیت اس تاثر کی بھی بھرپور نفی کرتی ہے کہ پاکستانی ٹیم کسی بڑے ہدف کے حصول میں نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوکر ہمت ہار جاتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستانی ٹیم جب ردھم میں آتی ہے تو اس کی کارکردگی کے سامنے کوئی ٹھہر نہیں سکتا ، ایشیا کپ کے حصول کے لیے فاتحانہ پیش قدمی کاآغاز تو بھارت کے خلاف فتح سے ہوچکا تھا، لیکن منگل کو بنگلہ دیش سے میچ جیت کر پاکستانی ٹیم نے اپنے عزم و ارادے کو ظاہرکردیا ہے کہ وہ ایشیاکپ اپنے ملک لے جانا چاہتی ہے،کوئی روک سکتا ہے تو روک لے ورنہ کپ ہمارا ۔ بنگلہ دیش سے جیت اس تاثر کی بھی بھرپور نفی کرتی ہے کہ پاکستانی ٹیم کسی بڑے ہدف کے حصول میں نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوکر ہمت ہار جاتی ہے۔ پاکستان نے 327رنزکا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، ٹیم کے اندر ایک جذبہ،جوش،ہمت اور جیت کی لگن دیکھنے میں آئی ،ٹیم اسپرٹ نے پاکستانیوں کے چہروں پر خوشی ومسرت کے رنگ بکھیر دیے۔

جہاں بوم بوم آفریدی نے اپنی شاندار بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے، وہیں احمد شہزاد نے سنچری بناکر فتح کی بنیاد رکھی، محمد حفیظ نے بھی اپنا حصہ پچاس رنز بنا کر ڈالا،فواد عالم کا کھیل بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا انھوں نے 74رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کی شاندارکارکردگی کو خراج تحسین نہ پیش کرنا زیادتی ہوگی جس نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور326 بنایا،میچ کی شاندار فتح نے دہشت گردی کا شکار قوم کو مسرت کے لمحات مہیا کیے،لوگ سڑکوں پر نکل آئے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی، زبردست آتشبازی بھی کی گئی، ایک جانب خوشی کا جشن تھا تو دوسری جانب بنگالی شائقین کرکٹ رنجیدہ تھے،ہارجیت کھیل کا حصہ ہے ۔ایشیائی فطری طور پرجذباتی زیادہ ہوتے ہیں لیکن جذبات کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیزمیچ اور بھرپورکرکٹ دیکھنے کو ملی ۔ایک جیت ہمیں اور درکار ہے بلاشبہ قومی ٹیم اسی اسپرٹ اور جذبہ جنون کو برقرار رکھتے ہوئے ایشیاکپ جیت کر وطن واپس لوٹے گی۔