نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی پر او آئی سی بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرے عمران خان
بی جے پی ترجمان کی توہین رسالت ﷺ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، او آئی سی سخت کارروائی کرے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بی جے پی ترجمان کی جانب سے توہین رسالت ﷺ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر بی جے پی کے ترجمان کے نفرت انگیز حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، مودی حکومت جان بوجھ کر بھارت میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مسلمانوں کے حلاف تشدد کو ہوا دینا بھی مودی حکومت کی پالیسی میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم اور صدر مملکت کا بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر سخت ردعمل
انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر حملہ سب سے زیادہ تکلیف دہ چیز ہے، ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے شدید محبت اور تعظیم محسوس کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پرعرب ممالک کا شدید احتجاج اور بائیکاٹ مہم جاری
عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ 'او آئی سی کو مودی کے بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے، افسوس کی بات ہے کہ اب تک بھارت کو اپنی اسلامو فوبک پالیسیوں سے کھلی چھوٹ دی گئی ہے'۔