کے پی کے ایڈہاک ٹیچرز اور پی ٹی آئی رہنماوں کے درمیان معاہدہ احتجاج ختم
پی ٹی آئی چئیرمین سیکرٹریٹ کے لیٹر ہیڈ پر جاری کردہ تحریری معاہدے پر علی محمد خان اور مراد سعید نے دستخط کیے
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر سراپا احتجاج خیبر پختون نخوا ایڈہاک ٹیچرز اور پی ٹی آئی رہنماوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔
پی ٹی آئی چئیرمین سیکرٹریٹ کے لیٹر ہیڈ پر جاری کردہ تحریری معاہدہ کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا جبکہ معاہدے پر علی محمد خان اور مراد سعید نے دستخط کیے۔
معاہدے میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی وزرا نے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ سی پی فنڈ پر کل پشاور میں مزید مذاکرات ہوں گے، سی پی فنڈ سے متعلق قانونی مشیر سے مشاورت کرکے فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختون نخواکے صدر عطا الرحمن کو بھی نوکری پر بحال کردیا گیا، عطا الرحمان کی بحالی کو مظاہرین نے معاہدے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔