قومی اسنوکر شاہد آفتاب اور محمد سجاد کا قصہ تمام

اسجد اقبال، محمد آصف اور دفاعی چیمپئن حمزہ اکبر کی کوارٹر فائنل میں رسائی


Sports Reporter March 08, 2014
اسجد اقبال، محمد آصف اور دفاعی چیمپئن حمزہ اکبر کی کوارٹر فائنل میں رسائی۔ فوٹو: فائل

6 سیڈ اسجد اقبال نے تھرڈ سیڈ شاہد آفتاب کا قصہ تمام کرکے قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، دفاعی چیمپئن حمزہ اکبر اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف سمیت دیگر سیڈڈ کھلاڑیوں نے بھی فائنل ایٹ میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکرایسوسی ایشن کے تحت کراچی جیمخانہ میں جاری ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے ایونٹ میں گذشتہ روز پری کوارٹر فائنلز کھیلے گئے،9 فریمز پر مشتمل میچ میں اسجد اقبال نے تھرڈ سیڈ شاہد آفتاب (پنجاب) کو5-2 سے شکست دی، ٹاپ سیڈ عمران شہزاد نے باآسانی 4سیڈ محمد سجاد (پنجاب) کو5-1 سے مات دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، سابق عالمی چیمپئن اور سیڈ2 محمد آصف (پنجاب) اپنے ہی صوبے کے ابو صائم کو5-1سے زیر کرکے اپنی پیش قدمی جاری رکھنے میں کامیاب رہے، دفاعی چیمپئن اور8 سیڈ حمزہ اکبر(پنجاب) نے پنجاب ہی کے محمد ماجد علی کو5-1سے ہرا دیا، سیڈ5 عبدالستار (سندھ) نے سلطان محمد(سندھ) کوزبردست مقابلے کے بعد 5-4 سے شکست دی، 7 سیڈ محمد بلال(پنجاب) نے سابق قومی چیمپئن اسلام آباد کے شہرام چنگیزی کو سخت تگ و دو کے بعد 5-4 سے زیر کرلیا۔

سہیل شہزاد (سندھ) نے آکاش رفیق( کے پی کے) کو5-1 سے ہرایا، ایونٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب کے محمد آصف طوبہ نے سخت ترین مقابلے کے بعد عامر طارق(پنجاب) کو5-4 سے ہرا کر ناک آئوٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، ہفتے کو کوارٹر فائنل مقابلے ہوں گے،عمران شہزاد کا مقابلہ سہیل شہزاد اورمحمد آصف کا سامنا حمزہ اکبر سے ہوگا، محمد بلال کو محمد آصف طوبہ کا چیلج درپیش ہوگا،اسجد اقبال فائنل فور میں پہنچنے کیلیے عبدالستار کیخلاف ایکشن میں ہوںگے، واضح رہے کہ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے والے دونوں کیوئسٹ 30 ویں ایشین اسنوکر میں پاکستان کی نمائندگی کے اہل ہوں گے، ایونٹ26 اپریل تا3مئی متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں شیڈول ہے۔