امتحانات کے بعد نائٹ کلب میں پارٹی کرنے والے 20 طلبا مردہ پائے گئے

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2022
طلبا کی موت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

طلبا کی موت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

ایسٹ لندن: جنوبی افریقا کے ایک نائٹ کلب میں 18 سے 20 سال کی عمر کے 20 طلبا کی لاشیں ملی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن کے سینری پارک میں واقع نائٹ کلب سے 20 نوجوان مردہ پائے گئے۔ نوجوانوں کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں میزوں کے نیچے، کرسی اور فرش پر پڑی ہوئی تھیں اور نوجوانوں کے جسم پر تشدد یا زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایسے بھی شواہد نہیں ملے کہ واقعہ بھگدڑ مچنے سے پیش آیا ہو اور ہلاک ہونے والے قدموں تلے کچلے گئے ہوں۔

اموات کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ نائٹ کلب کے باہر والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔