شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملہ 2 پولیس اہلکار جاں بحق

علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے


ویب ڈیسک June 28, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

ISLAMABAD: شمالی وزیرستان میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نامعلوم افراد نے شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا تاہم سیکورٹی پر معمور دو پولیس اہلکار فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی، واردات کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھین: انسداد پولیو مہم شروع ،12.6 ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

محمود خان نے پولیس کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کی مستقبل کے دشمن ہیں، حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا افتتاح وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کیا تھا، مہم کے دوران 12.6 ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

بعدازاں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ سکیورٹی فورسز نے پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے ہمیشہ جانیں قربان کیں،شہدا کو خرج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیروز اور سیکیورٹی اہلکاروں نے ہمیشہ ثابت قدمی اور جرات کے ساتھ مشن کو جاری رکھا،ہمیں ہر بچے تک ویکسین کی رسائی ممکن بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا،چیلنجز کے باوجود پاکستان کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں