بگ تھری بھارت سے نہ کھیلنے کا نقصان ہوگا نجم سیٹھی

کھیل میں سیاست نہیں ہونا چاہیے، اپنا مفاد دیکھنا چاہیے ، نجم سیٹھی


Sports Reporter March 10, 2014
کھیل میں سیاست نہیں ہونا چاہیے، اپنا مفاد دیکھنا چاہیے ، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بگ تھری پر اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا، بنگلہ دیش میں کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتوں کے بعد بھارت کی ہمنوائی پر آمادہ نظر آنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی بنگلہ دیش روانہ ہوئے تو فائنل کھیلنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے ساتھ بگ تھری کے معاملے پر دیگر کرکٹ بورڈ حکام سے بات چیت کا مقصد بھی پیش نظر تھا۔ ڈھاکا میں ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کے سسٹم میں تبدیلیوں کے حوالے سے 9 ملک ایک طرف ہیں ، پاکستان اکیلا رہ گیا، یہاں آکر ان سے مشاورت اور تجزیہ لے رہا تھا کہ کس وجہ سے سب حمایت پر آمادہ ہوگئے،جس سے بھی بات کی اس کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر ہم بھی مخالفت کررہے تھے لیکن ہماری مجبوری تھی۔

بھارت سے جو کھیلے اسی کو پیسے ملتے ہیں، براڈ کاسٹر، بڑی مارکیٹ اور اکانومی کا مالک ہونے کے پیش نظر سب نے ڈیل کرلی اور خوش ہیں، صرف پاکستان ہی الگ رہ گیا ہے، ہم دیگر ملکوں سے باہمی سیریز ممکن بنالیں گے لیکن بھارت کے ساتھ مقابلے نہ ہونے کا نقصان تو ہوگا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کرکٹ اب امیچرگیم نہیں رہی،کھیل میں سیاست نہیں ہونا چاہیے، اپنا مفاد دیکھنا چاہیے، 9ملکوں نے اپنا فائدہ دیکھ کر خود کو بچالیا،ہم وہیں اپنے اصولوں پر کھڑے ہیں، دیکھنا چاہیے کہ اس کی وجہ سے کیا نقصان ہورہا ہے، کیا حمایت کا اعلان کرنے والوں کے اصول نہیں تھے، ان کے اور ہمارے اصولوں میں کوئی فرق ہے،اگر ہے تو اس کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں،حتمی فیصلہ کرتے ہوئے ان سب باتوں کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔