بشریٰ بی بی کی مخالفین کو غداروں سے جوڑنے کی ہدایات پر مبنی مبینہ آڈیو لیک

ویب ڈیسک  اتوار 3 جولائی 2022
بشری بی بی اور ارسلان خان کی فائل فوٹوز

بشری بی بی اور ارسلان خان کی فائل فوٹوز

سابق خاتون اول اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق مبینہ طور پر ایک آڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ مخالفین کے خلاف غداری کا بیانیہ بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا انچارج ارسلان خان کو ہدایات دے رہی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک آڈیو وائرل ہوئی ہے جس کے مطابق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ آڈیو تحریک انصاف کے چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی پارٹی کے سوشل میڈیا انچارج ارسلان خان کی ہے۔

آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ بشریٰ بی بی ارسلان خان کو اپنے مخالفین کے خلاف غداری کا بیانیہ بنانے کے لیے ہدایات دے رہی ہیں۔ مبینہ ٹیلی فونک بات چیت میں خاتون اول بشریٰ بی بی نے ارسلان خان سے کہا کہ خان صاحب نے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ کرکے چلانا ہے لیکن آپ کا سوشل میڈیا ایک ہفتے سے فعال نہیں ہے۔

مبینہ طور پر بشری بی بی نے کہا کہ علیم خان اور ان جیسے کتنے لوگ ہیں جو میرے اور خان صاحب کے حوالے سے بات کریں گے اور مجھ سمیت بچی فرح خان کے خلاف گند پھیلائیں گے اور یہ لوگوں کی گواہی بھی دیں گے، آپ کو علیم خان سمیت ایسے افراد کو غداری سے لنک کردینا ہے یہ سب لوگ جو بولیں گے ہمارے خلاف یہ ایک منصوبہ بندی کے تحت ہے۔

آڈیو میں بشری بی بی نے کہا کہ آپ کو سوشل میڈیا میں دھمکی آمیز خط کا معاملہ اچھالنا ہے اور لنک کردینا ہے کہ یہ لوگ غدار ہوگئے ہیں، آپ کو لیٹر کا معاملہ اٹھانا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ وہ لیٹر صحیح ہے اور ہمیں پتا ہے کہ غداری کی وجہ سے اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے یہ سب لوگ جمع ہوگئے ہیں اور ان کے ساتھ باہر کی قوتیں بھی ہیں۔

بشری بی بی نے ہدایات دیں کہ روس کا معاملہ بھی اٹھایا جائے کہ انہیں پتا ہے کہ ملک میں خان کے ساتھ غداری ہورہی ہے اور یہ روس کا بیان دیکھیں، اس معاملے کو ٹرینڈ بنانا ہے کہ روس کو بھی معلوم ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ مخالفین کی جانب سے میرے اور فرح کے خلاف بہت گند پھیلایا جائے گا اسے بھی آپ کو لنک کرنا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ یہ غداری کون کررہا ہے، یہ لوگ عمران خان کے لیے پیچھے اس لیے ہیں کہ یہ کیا چکر ہے کہ عمران خان ہرچیز میں نکل رہے ہیں اور انہیں ہربات پتا کیسے ہوتی ہے۔

جواب میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا انچارج ارسلان خان نے ہدایات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔