کراچی میں رات کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 کراچی: شہر قائد میں رات کے وقت  بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے جس کے دوران کہیں درمیانی اور کہیں تیزبارش ریکارڈ ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مون سون بارش کاسلسلہ شہر کے مضافاتی علاقے سپرہائی وے سے شروع ہوا،جس کے بعد جناح ٹرمینل،اولڈ ائرپورٹ،طارق روڈ،ڈیفنس ویو،ایف سی ایریا،گلشن اقبال،صدر،گرومندر،شاہراہ فیصل،ناظم آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔

بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، نشیبی علاقوں میں جمع ہو نے والے پانی کےباعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق واٹر بورڈ کی 42 سکشن، 42 جیٹنگ مشینیں اور دو ڈی واٹرنگ پمپس شہر کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی میں مصروف ہیں۔فراہمی ونکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں جنریٹرز کی مدد سے رواں رکھا جائےگا۔

کے الیکٹرک کے مطابق فیلڈ میں موجود عملہ بارشوں کےدوران صارفین کی جانب سے ملنے والی مقامی فالٹز کی شکایتوں کی فوری درستگی کے لیے 24 گھنٹے سرگرم عمل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔