ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو برطرف کیا جائے، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
کراچی میں فوری طور پر غیر سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا جائے، امیر جماعت اسلامی کراچی

کراچی میں فوری طور پر غیر سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا جائے، امیر جماعت اسلامی کراچی

 کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو برطرف کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کا برا حال ہے ، بارش کے باعث شہر کی صورتحال خراب ہے ، ایڈمنسٹریٹر صاحب کا کام کھل کر سامنے آگیا ہے جگہ جگہ کیچڑ صفائی کا فقدان ہے سڑکیں اکھڑی ہوئی ہیں ابھی تک اسپرے نہیں ہوا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 24 تاریخ کو بلدیاتی الیکشن ہے ، مرتضیٰ وہاب کو برطرف کیا جائے اور کراچی میں فوری طور پر غیر سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا جائے، الیکشن کمیشن کو اس جانب توجہ دینی چاہئے ، الیکشن کمیشن سیاسی نہ بنے اور قانون کے مطابق کام سر انجام دیں۔

انہوں نے زور دیا کہ بلدیاتی الیکشن سے فرار نہیں ہونا چاہیے،  جماعت اسلامی کام کر رہی ہے ، ہمارا مطالبہ ہے بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے فوری کام کیا جائے یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ، حلقہ بندیوں کو بنیاد بنا کر الیکشن رکوانے نہیں دیا جائے گا، ایک موقع ہے عوام 24 تاریخ کو جماعت اسلامی کو موقع دے تاکہ شہر کے حالات صحیح ہو سکیں، اگر جماعت اسلامی کا میئر کراچی میں آتا ہے تو وہ شہر کے لئے کام کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔