حمزہ جو مرضی کرلو الیکشن نہیں جیت سکتے، عمران خان کا حمزہ شہباز کو چیلنج

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

شیخوپورہ: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان حمزہ شہباز کیساتھ ملکر لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے 26 سال قبل چند افراد کے ساتھ سیاست کا آغاز کیا تھا اور آج تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کا مقابلہ کوئی بھی لوٹا نہیں کرسکتا کیوں کہ لوٹوں میں جنون نہیں ہوتا، ان پر صرف نوٹ خرچ کیا جارہا ہے لیکن ٹیم بن کر نکلو تو کوئی تحریک انصاف کے کارکنوں اور امیدواروں کو نہیں ہرا سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن پوری طرح جانبدار ہے جو حمزہ شہباز کے ساتھ ملکر لوٹوں کو الیکشن جتوانے کی کوشش کررہا ہے لیکن حمزہ شہباز سن لے کہ پاکستان کی عوام فیصلہ کرچکی ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت، امریکی سازش اور پاکستان کے تمام لوٹے نامنظور ہیں۔

سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسان بہت پریشان ہے اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان چوروں کے پیسے ہیں جنہیں بچانے کےلیے یہ این آر او لے رہے ہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ زرداری اور شریف خاندان اپنے پیسے کو بچانے کیلئے یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کو تیار ہیں، یہ کمشیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کرکے بھارت کو خوش کرنے کےلیے تیار ہیں، یہ ایک مرتبہ پھر امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کو تیار ہیں تاکہ اپنا پیسہ بچا سکیں۔

زرداری اور نواز شریف کے دور حکومت میں امریکا نے پاکستان میں 400 ڈرون حملے کیے، دنیا کے کسی ملک کا قانون اس طرح حملے کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو امپورٹڈ حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان خوددار ملک نہیں بن سکا تو ان چوروں کی وجہ سے جو خود کو بیکاری کہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں بھی امریکا سے دوستی کرنا چاہتا ہوں مگر کسی صورت غلامی قبول نہیں، اسی طرح بھار ت سے بھی دوست اور اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر کشمیریوں کا لہو بیچ کر نہیں، اگر کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے تو میں کبھی بھارت سے دوستی نہیں چاہوں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکا کو للکارتے ہوئے کہا کہ امریکا کون ہوتا ہے ہمیں روس سے تیل کی خریداری سے روکنے والا، بھارت تو امریکا کا اتحادی ہے اس کے باوجود بھارت اپنے لوگوں کو ریلیف دینے کےلیے روس سے 30 سے 40 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے لیکن امریکی غلام چیری بلاسم نے روس سے تیل خریدنے کی جرآت ہی نہیں کی کیوں کہ امریکا کا نام سن کر ان کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں۔

عمران خان نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا میں کوئی شخص ضمانت پر ہو تو اسے وہاں چپڑاسی بھی نہیں رکھا جاتا لیکن ہمارے ملک میں ایک مجرم کو مسلط کردیا ہے، شہباز شریف کو وزیراعظم بنا دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اینکر عمران ریاض کی بلاجواز گرفتاری اور پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے چیلنج دیا کہ مجھ پر 15 ایف آئی آریں کاٹی گئی ہیں 15 لاکھ بھی کاٹ دیں تو بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کی ریلی پر تشدد کرنے والوں کو مخاطب کرکے کہا کہ 25 مئی کو تشدد کرنے والے ایک ایک پولیس والے کا نام نوٹ کررکھا ہے، ان سے فوری طرح احتساب لیں گے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔