بلوچستان میں دہشت گردوں نے لیفٹننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا کے بعد شہید کردیا آئی ایس پی آر

دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لیئق مرزا بیگ اور اُن کے عزیز عمر جاوید زیارت کے علاقے ورچوم سے اغوا کیا


ویب ڈیسک July 14, 2022
آئی ایس پی آر:فوٹو:فائل

LONDON: پاک فوج کے ترجمان نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے اغوا اور شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں بلوچستان کے علاقے زیارت سے گزشتہ شب دہشت گرد اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بارہ اور تیرہ جولائی کی شب دہشت گرد گروپ کے 10 سے 12 افراد نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا بیگ اور اُن کے عزیز عمر جاوید کو زیارت کے علاقے ورچوم سے اُس وقت اغوا کیا جب وہ قائد اعظم ریزیڈنسی سے واپس کوئٹہ آرہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹننٹ کرنل کے اغوا کی خبر موصول ہوتے ہی آرمی اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دہشت گردوں کی گاڑیوں کا تعاقب کیا جو منگی دم کے گنجان آباد علاقے کی طرف روانہ ہوئیں تھیں۔

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، جس میں ایس ایس جی کمانڈوز اور آرمی ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، نتیجے میں 6 سے 8 دہشت گردوں نے پہاڑی راستے کے ذریعے نلہ کی طرف بھاگنے کی کوشش کی تو فورسز نے انہیں دیکھا اور ایکشن لیا، جس پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو قتل کیا اور وہاں پھر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تو اُن کی پیش قدمی کو روکا گیا۔

مزید پڑھیں: پاک آرمی کے کرنل کو گزشتہ روز اغوا کے بعد شہید کردیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران باقی دہشت گرد عمر جاوید کو اپنے ہمراہ لے کر وقتی طور پر وہاں سے فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موسم خراب ہونے کے باوجود بھی سیکیورٹی فورسز نے پہاڑی علاقے میں آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاکہ ایک عام شہری عمر جاوید کو باحفاظت بازیاب کرایا جاسکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدرمملکت کا اظہار افسوس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا اظہار افسوس

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو ملکی دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے کرنل لئیق کو اغوا کر کے شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا نے ملک دشمن دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا کر شہادت کو گلے لگایا ہے، قوم لیفٹیننٹ کرنل لئیق کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بہادر سپوت نے ملکی دفاع کو محفوظ بناتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور شہادت کو گلے لگایا ہے، لیفٹننٹ کرنل لئیق کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں