پی ٹی آئی کا پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ

عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کردیا، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک July 18, 2022
—فائل فوٹو

شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں 22 تاریخ کو پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ ہواہے۔

عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں اس حوالے سے ذرائع نے مزید تایا کہ کور کمیٹی ارکان نے عمران خان کو سندھ میں متحرک ہونے کا مشورہ دیا ہے اور چیئرمین کی جانب سے سندھ کا دورہ جلد متوقع ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں انتخابی جیت پر کور کمیٹی ارکان کی میٹھے چاول سے تواضع کی گئی جبکہ سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے شرکا کو میٹھے چاول پیش کئے گئے تھے۔

پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سازش کا جواب عوام نے ووٹوں سے دیدیا، عمران خان

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دے دیا۔

یہ بات انہوں ںے پارٹی کی صوبائی قیادت سے مشاورتی اجلاس میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انتخابی نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق گفتگو کی گئی۔

عمران خان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات میں کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے پنجاب کے الیکشن میں بھرپور محنت کی۔ پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس کی صدارت چیئرمین عمران خان کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، سینیٹر شہزاد وسیم، مراد سعید، اسد عمر، فواد چودھری، شیریں مزاری، حماد اظہر، اسد قیصر، عمر ایوب، ڈاکٹر یاسمین راشد، سیف اللہ نیازی، شفقت محمود اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان بنی گالہ پہنچے ہیں۔ ضمنی انتخابات جیتنے پر کور کمیٹی اجلاس میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔

دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج عوام سے خطاب کریں گے جس میں وہ موجودہ صورتحال پر پارٹی کا پالیسی بیان دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں