بھارت میں زہریلی شراب پینے سے 21 افراد ہلاک اور 30 کی حالت غیر

ویب ڈیسک  منگل 26 جولائی 2022
پولیس نے جعلی شراب بنانے اور فروخت کرنے والوں کی تلاش شروع کردی، فوٹو: فائل

پولیس نے جعلی شراب بنانے اور فروخت کرنے والوں کی تلاش شروع کردی، فوٹو: فائل

احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں جعلی شراب پینے سے 50 سے زائد افراد کی حالت غیر ہونے پر اسپتال لے جایا گیا جہاں 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے احمد آباد میں 50 سے زائد افراد کو نیم بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان سب کی یہ حالت شراب پینے کے بعد ہوئی ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 21 افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ 30 افراد اب بھی زیر علاج ہیں جن میں سے 7 کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد دیہاڑی دار مزدور تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس دکاندار کی تلاش شروع کردی ہے جہاں سے شراب خریدی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جن اضلاع میں شراب پینے سے اموات ہوئی ہیں وہاں شراب بنانے، بیچنے اور خریدنے پر پابندی عائد ہے۔ چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے واقعات عام ہیں اور گزشتہ برس ریاست پنجاب میں ایک تقریب میں شراب پینے سے 102 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔