دعا زہرا کیس؛ ظہیر کے بھائی و اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس، شناختی کارڈ بحال کرنیکا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جولائی 2022
سندھ ہائی کورٹ نے اس سے قبل اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ فوٹو : ایکسپریس

سندھ ہائی کورٹ نے اس سے قبل اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں ظہیر کے بھائی شبیر و دیگر اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دعا زہرا کیس میں ظہیر کے بھائی شبیر و دیگر اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ جس درخواست پر فیصلہ ہوا وہ درخواست نمٹائی جا چکی، 8 جون کو درخواست نمٹائی گئی جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے لا افسران نے اکاؤنٹس بحال کرنے کی حمایت کر دی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ مقصد پورا ہوچکا، اکاؤنٹس بحال کرنے میں ہرج نہیں۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کیس بڑا سادہ تھا، دعا زہرا بازیاب ہوچکی، بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ کا تفتیش سے کوئی تعلق نہیں۔

عدالت نے ظہیر فیملی کے تمام بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ شبیر اور ظہیر کی والدہ کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کیے جائیں اور عدالت نے اپنا سابقہ حکم نامہ بھی واپس لے لیا۔

عدالت نے اسٹیٹ بینک، نادرا اور سی آئی اے کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔ سندھ ہائی کورٹ نے اس سے قبل اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔