بندرگاہوں کی حفاظت کیلیے سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے کمشنر

پولیس، پورٹس اور انتظامی افسران لائحہ عمل تیار کریں، شعیب صدیقی کی ہدایت


Staff Reporter March 13, 2014
پولیس، پورٹس اور انتظامی افسران لائحہ عمل تیار کریں، شعیب صدیقی کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل ملکی معیشت کی جان ہے۔

بندر گاہوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کیلیے ٹھوس،مر بوط اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت سیکورٹی کے انتظامات و اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں پولیس، پورٹس اور انتظامی افسران لائحہ عمل تیار کریں،ا ن خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں پورٹس کی سیکورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کے مو قع پر کیا ،اجلاس میں بندر گاہوں اور حساس تنصیبات کیلیے پیشگی حفاظتی اقدامات و حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، کمشنر کراچی نے کہا کہ پورٹس کے اندر حساس اتنصیبات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور موجودہ حالات کے تنا ظر میں ضروری ہے کہ ان کی حفاظت کیلیے خصوصی سکیورٹی پلان تیار کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ پورٹ کے اندر کی سیکورٹی کے ذمے دار متعلقہ پورٹ کی انتظامیہ ہے جبکہ بیرونی سیکورٹی کیلیے پورٹس انتظامیہ ،پولیس اور انتظامی افسران مشترکہ اقدامات کریں ،انھوں نے کہا کہ کیماڑی آئل ٹرمنل کے گرد ٹوٹی ہوئی دیوار سخت سکیوریٹی رسک ہے،کے پی ٹی کے افسران نے اجلاس کو بتایا کہ آئل ٹرمنل کے پاس عرصہ دراز سے کھڑی ناکارہ گاڑیاں اور ڈھانچھے انتہائی سیکورٹی رسک ہیں جنھیں وہاں سے فوری طور پر ہٹا یا جائے اوردیوار کے گرد ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔