شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 4 اگست 2022
(فائل : فوٹو)

(فائل : فوٹو)

 راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 30 سالہ سپاہی عنصر علی بھی شہید ہوا، جس کا تعلق پنجاب کے علاقے نارروال سے تھا۔

فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے کونے کونے میں دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملک میں دیرپا امن اور خوش حالی لائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔