امریکا میں ایک اور مسلم نوجوان قتل؛ پاکستانیوں سمیت تعداد 4 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 7 اگست 2022
نیو میکسیکو پولیس تاحال مسلم نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سراغ نہیں لگا سکی، فوٹو: فائل

نیو میکسیکو پولیس تاحال مسلم نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سراغ نہیں لگا سکی، فوٹو: فائل

  واشنگٹن: امریکی ریاست نیو میکسیکو میں تواتر کے ساتھ مسلمان نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے جس سے مسلم کمیونیٹی میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی میں مسلم نوجوان نعیم حسین کو پارکنگ ایریا میں گولیاں مار کر قتل کردیا۔ نعیم حسین کی شناخت سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

نعیم حیسن پاکستانی نژاد 27 سالہ محمد افضال حسین اور 41 سالہ آفتاب حسین کی تدفن سے واپس آئے تھے۔ ان دونوں کو گزشتہ ماہ ایک ہفتے کے فرق سے قتل کیا گیا تھا۔

افضال حسین اور آفتاب حسین ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ایک ہی مسجد میں نماز پڑھتے تھے۔ افضال حسین نیو میکسیکو کے ایک شہر کے پلاننگ اور لینڈ ڈائریکٹر تھے۔

ان دو پاکستانیوں کے قتل کے بعد ایک اور مسلم نوجوان کی گولی لگی لاش ایک اپارٹمنٹ سے ملی تھی۔ نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ قتل بھی دو پاکستانیوں کے قتل کا تسلسل ہے۔

اور اب نعیم حسین کو قتل کردیا گیا۔ اس طرح نیو میکسیکو کے ایک ہی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے 4 واقعے میں چار مسلم نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔