پاکستان کا 75واں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا
مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی
ملک بھر میں پاکستان کا 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
آزادی کے دن کا آغاز نماز فجر کے بعد دعاؤں سے ہوا، مساجد میں ملک کی سلامتی، خوش حالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں سورج طلوع ہونے کے ساتھ 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور 75 برس بعد دوبارہ تیار کیے جانے والے قومی ترانے کا اجرا کیا گیا، تقریب میں وزیراعطم میاں شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہباز شریف نے شیلٹر ہوم میں بے سہارا بچوں کے ساتھ بھی آزادی کی خوشیاں منائیں۔
مزید پڑھیں: یوم آزادی:پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کیلیے ملٹری ایوارڈز
یہ بھی پڑھیں: جشن آزادی کے موقع پر 75 روپے مالیت کے یادگاری نوٹ کا ڈیزائن جاری
مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس کے بعد وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور گلدستے پیش کیے۔
اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی سرکاری سطح پر آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بچوں اور بچیوں کی تعلیم و تربیت اس ملک کے لیے بہت ضروری ہے، صدر مملکت
علاوہ ازیں دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارت خانوں میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جہاں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ 75ویں سال کی خوشی میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
وزیراعظم، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، مسلح افواج سمیت دیگر حکومتی اراکین و سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اہل وطن کو آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی گئی۔
اسے بھی پڑھیں: جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں؟ وزیراعظم
ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ شہروں، گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔ نوجوان موٹر سائیکلوں پر قومی پرچموں کے ساتھ باہر نکلے جبکہ بچوں نے بھی آزادی کی مناسبت سے کپڑے پہنے اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
عالمی سربراہان کی جانب سے بھی پاکستان کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد پیش کی گئی جبکہ انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے بھی آزادی کے 75ویں سال پر خصوصی ڈوڈل جاری کیا۔
اسے بھی پڑھیں: سعودی قیادت کی پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر مبارک باد
ایک روز قبل تیرہ اگست کی رات بارہ بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے تھے، آزادی کا 75واں سال شروع ہوتے ہیں لاہور میں لبرٹی چوک، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگوں میں رنگ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی پر اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی
اسے پڑھیں: جشن آزادی کے موقع پر گوگل نے پاکستانی پرچم کے رنگ سجالیے
یوم آزادی کے موقع پر بچے، بڑے، بوڑھے، جوان، خواتین سب ہی وطن سے اپنی والہانہ محبت کا کسی نہ کسی صورت اظہار کیا ۔
گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان ) پر 10 منٹ جبکہ جیلانی پارک (ریس کورس ) میں 5 منٹ تک سحر انگیز آتشباز ی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی کا دلکش ، سحر انگیز اوردل موہ لینے والا نظارہ دیکھ کر شہری خوشی سے نہال ہوئے۔