مون سون کا سسٹم شدت کے ساتھ موجود، کراچی میں اتوار تک بارشوں کا امکان

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ بھر میں مزید تین روز تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون سسٹم شدید ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں مشرقی،وسطی سندھ اور راجستھان میں شدت کے ساتھ موجود ہے، بحیرہ عرب سے نمی کی صورت میں بھی مون سون نظام کوتقویت بھی مل رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون کا پانچواں سسٹم گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے مسلسل ایک ہی جگہ پر ٹھہرا ہوا ہے، اگر یہی صورت حال رہی تو گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ اتوار کی رات تک جاری رہ سکتا ہے۔

ڈی جی میٹ نے بتایا کہ جمعرات اور جمعے کو کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان ہے، کراچی میں چند مقامات پر  کافی تیز بارش ہوسکتی ہے،19 اگست کی رات یا 20 اگست کی صبح تک سندھ میں بارشوں کے جاری رہنے کی توقع ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب تک اگست میں معمول کی اوسط سے 150 ملی میٹر زائد بارشیں ہوچکی ہیں، گلشن حدید میں اگست کے 18 دنوں کے دوران 269 ملی میٹر، گڈاپ میں اگست کے 18دنوں کے دوران  186 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے اگست میں اب تک شہر میں گلشن حدید میں سب سے زیادہ 855 ملی میٹر(34 انچ)بارشیں ریکارڈ ہوئی۔ اگست کے 18 دنوں میں ہی سندھ میں 300 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے جنوبی اور شمال مشرقی حصے میں اس سسٹم سے متاثر ہوں گے، 21 اگست تک اس سسٹم کے یر اثر بلوچستان میں بھی بارشیں ہونگی، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر لسبیلہ اور دیگر مقامات پر سسٹم کے اثرات زیادہ ہیں جبکہ مون سون سسٹم افغانستان کو بھی متاثر کرےگا اور آئندہ تین سے 4 دن تک افغانستان میں بھی تیز بارشیں ہوں گی جس کے بعد بعد سسٹم کی شدت میں بتدریج کمی  ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداوشمار کے مطابق جولائی تا اگست میں اب تک شہر میں گلشن حدید میں سب سے زیادہ 855 ملی میٹر(34 انچ)بارشیں ریکارڈ ہوئی،پی اے ایف بیس مسرور پر 713،قائد آباد 669،ڈی ایچ اے612 اورسرجانی ٹاون میں 556 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ سب سے کم بارش 306 ملی میٹرکورنگی میں ریکارڈ ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔