بغاوت پر اُکسانے کا الزام؛ شہباز گل نے درخواست ضمانت دائر کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 25 اگست 2022
میرے بیان کو توڑ مروڑ کر کچھ حصے ایف آئی آر میں شامل کیے گئے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

میرے بیان کو توڑ مروڑ کر کچھ حصے ایف آئی آر میں شامل کیے گئے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہباز گل نے وکیل چودھری اور دیگر لیگل ٹیم  کے توسط سے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ بد نیتی اور سیاسی بغض کی بنیاد پہ بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ  میرے بیان کو توڑ مروڑ کر کچھ حصے ایف آئی آر میں شامل کیے گئے۔ میں اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہوں اور امریکا و یورپ کی درس  گاہوں میں پڑھاتا رہا ہوں۔درخواست گزار  کے خلاف پرچے میں درج دفعات کے تحت مقدمہ نہیں بنتا۔

شہباز گل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ  مجھے بد نیتی کے تحت مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے،  درخواست ضمانت منظور کی جائے ۔

قبل ازیں شہباز گل کا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیے جانے کے بعد ابتدائی میڈیکل مکمل  کیا گیا، جس میں جیل میڈیکل آفیسر نے جیل مینوئل کے مطابق شہباز گل طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز گل کی نبض، شوگر ،بلڈ پریشر وغیرہ چیک کیاگیا، جس میں  معمولی اتار چڑھاؤ پایاگیا۔

شہباز گل نے میڈیکل آفیسر کو بتایا کہ ان تمام کے لیے ادویات لے  رہا ہوں۔ ذرائع کے مطابق شہباز گل کو سانس کی تکلیف،انفیکشن اور کھانسی کی شکایات کی ہسٹری بھی نوٹ کی گئیں۔ طبی معائنے کےبعد شہباز گل کو بی کلاس دے کر سیل میں منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔