تھرکے مسائل مستقل حل کرنے کیلیے اقدامات جاری ہیں شرجیل میمن

پانی کی فراہمی ،ڈیمز اور سڑکوں کی تعمیرکے منصوبوں پرکام جاری ہے،صوبائی وزیراطلاعات


Staff Reporter March 19, 2014
ماضی میں تھرپارکر سے منتخب ہونیوالے ارکان نے علاقے کی ترقی کیلیے کوئی کام نہیں کیے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ ماضی میں تھرپارکرکونظرانداز کیا جاتارہا تاہم سابقہ5سالہ دور حکومت اورموجودہ دور حکومت میں تھرپارکرمیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے کئی منصوبوں پرکام کیا۔

تھرپارکرمیں سابق صدرآصف زرداری کی خصوصی ہدایات پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے120آراوپلانٹس لگائے گئے،جس میں ہر آر اوپلانٹ2لاکھ گیلن صاف پانی کی فراہمی کرتاہے جبکہ مزید643نئے آر اوپلانٹس لگائے جارہے ہیں، پینے کے پانی اورفصلوںکوپانی کی فراہمی کیلیے 190 اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ لونی کوٹ سے ننگر پارکرتک 54 کروڑ روپے کی لاگت سے 54کلومیٹر طویل پانی کی پائپ لائن کی اسکیم پر کام جاری ہے۔اپنے دفتر میںمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ ماضی میں تھرپارکرسے منتخب ہونے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور اس سے قبل کے منتخب نمائندوں نے تھرپارکر کی ترقی اوروہاں پر عوام کی فلاح و بہبودکیلیے کوئی کام نہیں کیے تھے۔

گزشتہ 5 سال کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے وہ خوداس علاقے سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، جس کے بعد سے تھرپارکر میں ترقیاتی اوربالخصوص پینے کے صاف پانی اورفصلوں ومویشیوں کو پانی کی فراہمی کیلیے نہ صرف آر او پلانٹس لگائے گئے بلکہ3چھوٹے ڈیمزبھی تعمیر کیے گئے جبکہ مزید190واٹراسکیموں پر کام جاری ہے، اب بھی تھرپارکرکے643چھوٹے بڑے گائوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے ان گائوں میں آر او پلانٹس کی تنصیب کی جارہی ہے گوکہ کئی گائوں ایسے ہیں جہاں بجلی نہیں وہاں سولرانرجی ٹیکنالوجی کے ذریعے ان پلانٹس کوچلانے کی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔

شرجیل میمن نے کہاکہ تھرپارکر میں1100کلومیٹرکی سڑکوںکی تعمیر،اسمال ڈیمز اورآر او پلانٹس سمیت دیگرترقیاتی کاموں کودیکھتے ہوئے ہی وہاں کی عوام نے اس باربھی پیپلز پارٹی کواس علاقے سے نہ صرف کامیاب کروایابلکہ پیپلز پارٹی نے وہاں سے کلین سوئپ کیا۔انھوں نے کہاکہ اس وقت بھی تھرپارکرمیں ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے بالخصوص وہاں کی عوام کوپینے کا صاف پانی، خوراک، بچوں کی نیوٹریشن کے لیے دودھ اور دیگر غذائی اجناس ترسیل کی جارہی ہیں اورریلیف کے کام کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی تھرپارکرمیں مستقل بنیادوں پرسہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔