لاہور میں 40 سالہ خاتون کے قتل کا ڈراپ سین، شوہر اور سوتیلا بیٹا ملوث نکلے

پولیس نے پنجاب سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران شوہر شیراز کو حراست میں لے لیا، مقدمہ درج


ویب ڈیسک August 07, 2026
فوٹو: فائل

لاہور کے علاقے وحت کالونی میں چند روز قبل 40 سالہ خاتون کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جو مقتولہ کا شوہر اور سوتیلا بیٹا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وحدت کالونی میں چند روز قبل 40 سالہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی اور سوتیلے بیٹے کو حراست میں لیا تھا۔

پولیس نے اہم شواہد کی روشنی میں مقتولہ ثنا کو قتل کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا جو شوہر اور سوتیلا بیٹا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت شیراز خان اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر شیراز خان کی پنجاب سے بھاگنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اُسے حراست میں لیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے مرکزی ملزم شیراز خان کو انٹیلجنس بیسڈ کاروائی کرتے ہوئے پولیس کی اسپیشل ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جان لینے والے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔