فخر زمان کو علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 16 ستمبر 2022
(فوٹو: کرک انفو)

(فوٹو: کرک انفو)

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے فائنل میں زخمی ہونے والے بلے باز فخر زمان کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فخرزمان بھی فٹنس کی بحالی کیلئے جمعہ کو لندن روانہ ہوں گے، ایشیا کپ کے فائنل میں فیلڈنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹر کا گھٹنہ زخمی ہوگیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان کے علاج اور قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرے گا، گھٹنے کی انجری کا شکار شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی انگلینڈ میں زیرعلاج ہیں۔

قبل ازیں سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نوجوان فاسٹ بولر اور اپنے ہونے والے داماد شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ پی سی بی کے مبینہ ناروا سلوک پر بری طرح برس پڑے تھے۔

مزید پڑھیں: شاہین آفریدی کیساتھ پی سی بی کے مبینہ ناروا سلوک پر شاہد آفریدی برس پڑے

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے الزام عائد کیا تھا کہ اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے عالمی کپ ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل انجری کا شکار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنا ری ہیب خود کر رہے ہیں اور پی سی بی ان کا بالکل ساتھ نہیں دے رہا۔

مزید پڑھیں: محمد حسنین نے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دے دیا

انہوں نے کہا تھا کہ میں نے شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کی بحالی کے لیے اپنے طور پر معالج کا بندوبست کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں لندن میں بولنگ کا آغاز کریں گے اور اسی ماہ کے آخر میں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شمولیت کے لیے آسٹریلیا جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔