وزیراعظم ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کیلیے لندن پہنچ گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 ستمبر 2022
وزیراعظم کی لندن روانگی کی تصویر (فوٹو : ٹویٹر)

وزیراعظم کی لندن روانگی کی تصویر (فوٹو : ٹویٹر)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف برطانوی حکومت کی دعوت پر ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے۔ ان کا طیارہ نور خان ایئر بیس سے روانہ ہوا، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف لندن میں قیام کے دوران (ن) لیگ کے قائد نواز شریف سے ملکی سیاسی صورتحال پر اہم ملاقات کریں گے، 19 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

بعدازاں 19 ستمبر کو ہی وزیراعظم نیویارک روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور وزیراعظم مختلف عالمی شخصیات سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف موسم کی خرابی کے سبب میانوالی اور ٹانک نہ جاسکے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کی وجہ سے میانوالی سے واپس چلا گیا۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے سلسلے میں پہلے میانوالی اور پھر ٹانک جانا تھا جہاں انہیں ٹانک میں تعمیر شدہ 100 گھروں کا افتتاح کرنا تھا۔

وزیراعظم نے اپنے ٹانک کے گزشتہ دورے میں متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے وزیراعظم کو میانوالی سے اسلام آباد جانا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔