سندھ ہائیکورٹ نے تھرپارکر میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے بعد خودکشی کا نوٹس لےلیا

ویب ڈیسک  منگل 20 ستمبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے تھرپارکر میں لڑکی سے گینگ ریپ کے بعد خود کشی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے  ڈی آئی جی میر پور خاص، ایس ایس پی تھرپارکر و دیگر افسران کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اجتماعی زیادتی کا واقعہ تھرپارکر کے علاقے کلوئی میں پیش آیا جس کے بعد پولیس نے بااثر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے سے بھی انکار کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی نے اجتماعی زیادتی کے بعد خودکشی کرلی تھی جس نوٹس لیتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ڈی آئی جی میر پور خاص، ایس ایس پی تھرپارکر و دیگر افسران کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

رجسٹرار ہائیکورٹ کے مطابق تھرپارکر میں لڑکی سے گینگ ریپ کے بعد خود کشی کے واقعے کی خبر اخبار میں شائع ہوئی تھی، جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے نوٹس لیا۔

نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس نے ڈی آئی جی میرپور خاص، ایس ایس پی تھرپارکر، ایس ایچ او اور کیس کے تفتیشی افسر کو 22 ستمبر کو ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔