بحرین کے سرمایہ کاروں سے تعاون کرینگے خرم دستگیر

برآمدات ویلیو ایڈیشن کے بعدبحرین سے ایف ٹی اے کے حامل ممالک کوبھیج سکتے ہیں،خطاب


Numainda Express March 20, 2014
وزیرتجارت کی بحرینی ہم منصب سے بھی ملاقات، ڈاکٹر حسن نے پاکستانی افرادی قوت کوسراہا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بحرین کے سرمایہ کاروں کو حکومت پاکستان ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان بحرین بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب اور بعدازاں بحرین کے وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر حسن عبداللہ فخرو سے ملاقات کے دوران کیا۔ فورم میں پاکستان اور بحرین چیمبر آف کامرس کے وفود، حکومتی نمائندوں، سرمایہ کاروںوصنعتکاروں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ہے جس کی پالیسیوں پر عالمی سرمایہ کاروں نے اعتماد ظاہر کیااور حکومت کے پہلے ہی سال بہت سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں، بحرین پاکستانی ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کی بڑی منڈی بن سکتا ہے،بحرین میں پاکستانی برآمدات کو مزید ویلیو ایڈیشن کے بعد ان ممالک کو برآمد کیا جاسکتا ہے جن سے بحرین کے آزاد تجارتی معاہدے ہیں، اسی طرح بحرین پاکستان کے تجارتی معاہدات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بحرین کے وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ بحرین کی ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کا کردار قابل ستائش ہے۔