ٹرانس جینڈر قانون شریعت کے خلاف ہے سراج الحق

یہ ہمارے خاندانی سسٹم کو تباہ کرنے کی ایک سازش ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان


ویب ڈیسک September 23, 2022
یہ ہمارے خاندانی سسٹم کو تباہ کرنے کی ایک سازش ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر قانون شریعت کے خلاف ہے۔

سراج الحق نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خواجہ سراؤں کے حقوق کی ہمیشہ حمایت کی ہے، ہم ان کے حقوق کے خلاف نہیں، کورونا کے دنوں میں جماعت اسلامی نے ان کا پورا ساتھ دیا، ان کے گھروں میں جاکر امدادی سامان پہنچایا، سیلاب میں بھی پورا خیال رکھا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے 2018 میں جو ٹرانس جینڈر قانون بنایا وہ شریعت کے خلاف ہے، اس قانون کے مطابق بغیر کسی رکاوٹ کے وقت مرد اور عورت اپنی جنس تبدیل کرسکتے ہیں، اس قانون کے تحت اب تک 29 ہزار مرد و خواتین نے اپنی جنس کی تبدیلی ڈکلیئر کی ہے، اس طرح کے قوانین کے پیچھے عمومی طور پر مغربی ایجنڈا ہوتا ہے، یہ ہمارے خاندانی سسٹم کو تباہ کرنے کی ایک سازش ہے، تبدیلی کا اختیار صرف اللہ تعالی کے پاس ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری جماعت کے سینیٹر مشتاق احمد نے ٹرانس جینڈر قانون میں ترمیم کی قرارداد پیش کی ہے، ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جانا چاہیے جس میں ایک ماہر نفسیات بھی ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ اس قانون کا غلط استعمال نہ ہو، یہ قانون اللہ تعالی کے غضب کا سبب بن سکتا ہے، تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد لوگ اس سیلاب سے متاثر ہوئے، یہ تباہی و بربادی ہماری سوچ سے بھی زیادہ ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں قوم نے الخدمت فاؤنڈیشن اور دوسرے فلاحی اداروں کا ساتھ دیا میں ان کا مشکور ہوں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس گرانٹ کا اعلان کیا تھا میری اطلاع کے مطابق اب تک ریلیز نہیں ہوئی، سیلاب متاثرین کے لئے ملنے والا سامان سرکاری اور سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیا گیا ہے یہ ظلم ہے، قوم بھوک سے مر رہی ہے لیکن سیاسی وزیروں اور مشیروں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اجلاس کے موقع پر وزیروں اور مشیروں کی کرسیاں کم پڑ جاتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ افغانستان میں 86 روپے کا ڈالر ہے، بنگلہ دیش میں ڈالر103روپے ہے، ہمارے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ڈالیں اس کے باوجود ملکی معیشت بہتر نہ ہو سکی ، صورت حال یہ ہے کہ کافر بھی کرپشن کی وجہ سے ہم پر اعتبار کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

سراج الحق نے بتایا کہ اس حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا، اس وقت فی یونٹ پچاس روپے میں مل رہا ہے، 11 طرح کے ٹیکس بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ہیں، ہم ان ٹیکس کو مسترد کرتے ہیں ، یہ غنڈہ ٹیکس ہے جو عوام سے جبری وصول کیا جا رہا ہے، بجلی بنانے والی 9 کمپنیوں کو ختم کیا جانا چاہئے، ایک واپڈا کافی ہے، پاکستان میں رہنا مشکل ہو گیا ہے، تمام تجربات ناکام ہوگئے اب اسلامی نظام اور جماعت اسلامی ہی اس ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ اب ایک نہیں بلکہ دو پاکستان ہے ، ایک وی آئی پیز کے لئے جبکہ دوسرا پاکستان غریب عوام کے لیے ہے ، عدالتیں اور حکومتی بھی بااثر افراد کو این آر اوز دیتی ہیں، قوم کا پیسہ معاف کرنے کا اختیار کسی ادارے کے پاس نہیں ہونا چاہیے ، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر ایک ہفتہ بھی نہیں چل سکتی، پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم پاکستان کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی، حکومت نے صرف ایک کام کیا ہے وہ ہے وزرا کی تعداد میں اضافہ کیا، پی ڈی ایم حکومت اور پی ٹی آئی میں زیادہ فرق نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں