کینیڈین نژاد بہو کے قتل کیس میں ایاز امیر گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 ستمبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 اسلام آباد: پولیس نے کینیڈین نژاد بہو سارہ کے قتل کیس میں صحافی ایاز امیر کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بہو کینیڈین نژاد سارہ کے قتل کیس میں 302 کے ساتھ دفعہ 109 بھی شامل کی گئی ہے اور ایاز امیر اور انکی اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

ملزم شاہنواز امیر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ  

خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے بیوی کے قتل کے ملزم شاہنواز امیر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ان کے والد ایاز امیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں صحافی ایاز امیر کی بہو کینیڈین نژاد سارہ کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔  پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر کو عدالت میں پیش کیا۔

شاہنواز کے وکیل نے کہا کہ یہ بلائنڈ مرڈر ہے اور قتل صرف الزام کی حد تک ہے، کیس میں پہلا ریمانڈ ہے، جس پر کوئی اعتراض نہیں۔

یہ پڑھیں : سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے بیوی کو قتل کردیا

پولیس نے عدالت سے دس دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے برآمدگی کرنی ہے، اس نے اپنی کینیڈین نژاد پاکستانی اہلیہ کو بیرون ملک سے بلا کر قتل کیا۔

پولیس نے مرکزی ملزم کے والدین ایاز امیر، ان کی اہلیہ ، ملزم کے چچا اور چچی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا بھی کردی۔ عدالت نے ایاز امیر، ان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے شاہنواز کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے صرف دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

تفتیشی افسر نے ملزم کے فنگر پرنٹس کے نمونے لینے کی درخواست کی تو عدالت نے وہ بھی مسترد کردی اور کہا کہ فنگر پرنٹس تو نادرہ سے بھی لیےجاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔