اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2022
تحریک انصاف کے ارکان کا حلف برداری کے دوران شدید احتجاج، چور چور کے نعرے (فوٹو : اسکرین گریب)

تحریک انصاف کے ارکان کا حلف برداری کے دوران شدید احتجاج، چور چور کے نعرے (فوٹو : اسکرین گریب)

 اسلام آباد: نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بطور سینیٹر حلف اٹھالیا اس موقع پر اپوزیشن نے چور چور کے نعرے بازی لگائے اور احتجاج کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت جاری ہے۔ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کے لیے  وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نزیر تارڑ کے ہمراہ وزرا کے نذیر تارڑ کے چیمبر میں پہنچے جہاں ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا گیا اور گلے میں پھولوں کا ہار پہنایا گیا۔

بعدازاں اسحاق ڈار ایوان میں پہنچے توحکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے مدعو کیا تو اپوزیشن میں شامل تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے شور شرابا کیا۔

اپوزیشن ارکان نے چورچور کے نعرے لگائے، تحریک انصاف کے ارکان نے چیئرمین کی ڈائس کا گھیراؤ کرلیا اور اسی شور شرابے میں اسحاق ڈار نے حلف اٹھایا۔ اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے ساتھ ہی انہوں ںے شیم شیم کی نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران چیئرمین سینیٹ ارکان کو چپ کراتے رہے مگر کسی نے ایک نہ سنی۔

ہاؤس کا تقدس قائم رکھا جائے، یہاں کسی کا دامن صاف نہیں، قائد ایوان

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحاق ڈار صاحب معزز رکن ہیں انہیں ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے ہمیشہ اس ایوان کے تقدس کا خیال رکھا ہے، ہاؤس کے تقدس کا خیال کیا جائے، یہان دامن کسی کا صاف نہیں، آپ کے تحفظات ذاتی ہو سکتے ہیں آئین اور قانون کے مطابق نہیں۔

اسحاق ڈار عدالت میں سرینڈر کے بجائے سیدھا سینیٹ آگئے، اپوزیشن لیڈر

قائد ایوان کے بعد اپوزیشن لیڈر نے اظہار خیال کیا اس دوران حکومتی بینچز سے نعرے بازی کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ یہ جو سسٹم چل رہا ہے یہ شخصیات کو تحفظ دے رہا ہے، یہ سسٹم ایک خاندان کا بنتا جا رہا ہے، ابھی تک انہوں نے عدالت کے آگے سرینڈر نہیں کیا، یہ سیدھا یہاں آگئے ہیں، سینیٹ میں سینیٹ کا کوئی عزت و حترام ہے بھی یا نہیں۔

حلف کے بعد چیئرمین سینیٹ نے معمول کے مطابق اجلاس کی کارروائی شروع کردی اور وقفہ سوالات کا آغاز کیا۔ اجلاس میں شور شرابے کے بعد دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ سوال کریں کیونکہ ہاؤس کی دادی شیری رحمان آگئی ہے وہ جواب دیں گی جس پر شیری رحمان نے کہا کہ میں آپ کی دادی ہوں مگر دادا گیری نہیں چلے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ میری نہیں پورے ایوان کی دادی ہیں۔

روپے کی قدر کو واپس لانا بڑا چیلنج ہے، اسحاق ڈار

ایوان میں آمد سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر مصنوعی طور پر کم ہوئی جسے واپس لانا بڑا چیلنج ہے، مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے، یوٹیلیٹی پرائسز بہت بڑا چیلنج ہیں، پوری کوشش کریں گے، ماضی میں اللہ نے کامیابی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پارلیمانی نظام کا حصہ ہے، کوئی بات نہیں، میں عوام سے محبت کرتا ہوں اور عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار کل وزیر خزانہ کا حلف لیں گے

دریں اثنا اسحاق ڈار کل صبح 10 بجے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت اسحاق ڈار سے عہدہ کا حلف لیں گے اور یہ تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔