طاقتور سمندری طوفان سے کیوبا تاریکی میں ڈوب گیا؛ ہلاکتیں

ویب ڈیسک  بدھ 28 ستمبر 2022
سمندری طوفان اب فلوریڈا پہنچا ہے، فوٹو: فائل

سمندری طوفان اب فلوریڈا پہنچا ہے، فوٹو: فائل

ہوانا: کیوبا میں طاقتور سمندری طوفان ایئن سے ملک کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا جب کہ مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیوبا سے ٹکرانے والا طاقتور سمندری طوفان خلیج میکسیکو میں داخل ہوا اور فلوریڈا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کیٹیگری 3 کے اس طوفان نے کیوبا میں بجلی کا نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا۔

کیوبا میں طوفان سے 11 ملین افراد بجلی سے محروم ہوگئے جب کہ 2 افراد ہلاک بھی ہوئے اور درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ 5 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ ساحلی علاقوں سے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

کیوبا کی حکومت کی جانب سے 55 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں تاہم ان کیمپوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے بالخصوص پینے کے پانی کی کمی ہے اس کے علاوہ دوائیں اور خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

Hurrican Ian

طوفان ایئن کیوبا سے ہوتا ہوا پہلے میکسیکو اور پھر وہاں سے فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل کے قریب پہنچا جہاں اس کی رفتار 130 میل فی گھنٹہ تھی۔ فلوریڈا سے 25 لاکھ افراد کو نقل مکانی کا حکم دیا گیا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ کیوبا کی طرح طوفان کے ٹکرانے سے یہاں بھی بہت بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہوجائے گا۔

طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے خلابازوں نے بھی کرہ ارض پر گھومتے خطرناک طوفان کو دیکھا تھا جب طوفان کیوبا کے جنوب میں تھا اور فلوریڈا کی طرف بڑھ رہا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔