شاہین شاہ آفریدی فٹ اور ٹی20 ورلڈ کپ کیلیے تیار ہیں، رمیز راجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اکتوبر 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) فاسٹ بولر گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کیلیے لندن میں موجود ہیں

(فوٹو: ٹوئٹر) فاسٹ بولر گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کیلیے لندن میں موجود ہیں

 کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹی20 کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ دو روز قبل شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی ہے جس پر معلوم ہوا کہ فاسٹ بولر اب بہت بہتر ہے جبکہ ڈاکٹرز نے ویڈیوز بھی بھیجی ہیں، تقریباً 90 فیصد انجری ٹھیک ہوچکی ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ گھٹنے کی انجری بہت حساس ہوتی ہے اس لیے میری رائے یہی تھی کہ جب تک شاہین آفریدی 110 فیصد ٹھیک نہیں ہوجاتا تب تک خطرہ مول نہ لیا جائے لیکن فاسٹ بولر سے بات چیت کرکے اندازہ ہوا کہ وہ پہلے ہی 110 فیصد ٹھیک ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر سہیل سلیم نے شاہین کی ری ہیب کے طریقہ کار پر سوال اٹھادیے

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ شاہین نے مجھے بتایا کہ وہ پریکٹس میچ کھیلنے آسٹریلیا جائے گا اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار رہے گا۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی انجری سے صحتیاب، بولنگ کا آغاز کردیا

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف سیریز میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم فی الحال علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔