ماضی کی علط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے نواز شریف

دوسرے ملک ترقی کر رہے ہیں اور ہم 65 سال گزرنے کے باوجود ہم ترقی کرنے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں


ویب ڈیسک March 23, 2014
وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کہا ہے کہ ڈالر کو 98 اور 99 کی سطح پر ہی برقرار رکھا جائے، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔

وزیراعظم کا راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک مارشل لاء ادوار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، قتل و غارت گری، دہشتگردی اورجہالت نے ملک میں ہر جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ہمیں غربت اور بد نظمی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے، دوسرے ملک ترقی کر رہے ہیں اور ہم 65 سال گزرنے کے باوجود ہم ترقی کرنے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں، پاکستان کی بے بسی دیکھی نہیں جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی طالبان شوریٰ سے ایک دو روز میں ملاقات کرے گی، فریقین میں جلد مثبت بات چیت ہو گی، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی اس حوالے سے دن رات کام کر رہے ہیں، قوم دعا کرے کہ ملک کو جلد دہشت گردی کی لعنت سے نجات ملے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں آج بہت آگے ہونا چاہیئے تھا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ 10 سے 15 سالوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ہمارے دور میں موٹروے اور میٹرو بس منصوبے بنے، ہم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس کی وجہ سے آج کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کہا ہے کہ ڈالر کو 98 اور 99 کی سطح پر ہی برقرار رکھا جائے، ہر آنے والے دن میں ملک میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ بجلی ہے اور نہ گیس، لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کارکردگی مثالی ہے، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کو 10 ماہ میں مکمل کرنا کمال کی بات ہے، راولپنڈی کے بعد ملتان میں بھی میٹرو بس چلائی جائے گی۔

مقبول خبریں