امریکی حکام نے اسحاق ڈار کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیا، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 14 اکتوبر 2022
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے امریکی ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ پیش آنے والے ناشگوار واقعہ سے متعلق بتایا کہ امریکی حکام نے واقعہ پر نوٹس لیا ہے۔

وزارت خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا کہ پاکستانی وزرا کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر وزارت خارجہ نوٹس لیتی ہے، سعودی عرب میں پیش آنے والے واقعات پر بھی سعودی حکام نے نوٹس اور ایکشن لیا تھا۔

’وزارت خارجہ سائفر پر اپنا موقف متعدد بار واضح کرچکا ہے‘

ترجمان دفتر خارجہ نے سائفرسے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزارت خارجہ سائفر پر اپنا موقف متعدد بار واضح کرچکا ہے، پاکستان مثبت انداز میں تمام ممالک کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے سیلاب زدگان کے حوالے سے کہا کہ تاحال 200 ڈالر سیلاب زدگان کے لیے یقین دہانیاں مل چکی ہے، 90 ملین ڈالر خزانے میں وصول ہوچکے ہیں، عالمی برادری پاکستان کی مدد کررہی ہیں، چین امریکہ اور برطانیہ 400 ملین ڈالر دے رہے ہیں۔

’وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا‘

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قازقستان میں اہم سیکا سمٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے آذربائیجان، قازقستان، بیلاروس کے سربراہان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے قرارداد منظور کی ہے۔

’مقبوضہ کشمیر پر جرمن وزیر خارجہ کا بیان خوش آئند ہے‘

عاصم افتخار نے کہا کہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، پاکستان حریت رہنما الطاف حسین شاہ کی بھارتی حراست میں موت پر شدید احتجاج کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر پر جرمن وزیر خارجہ کا بیان خوش آئند ہے۔

انہوں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی اور علاقائی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہتا ہے، مسئلہ کشمیر 7 دہائی سے حل طلب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔