ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک  پير 17 اکتوبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، عمران خان اسپیشل جج سینٹرل عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے ہدایت دی کہ عدالت کا دائرہ اختیار ہے یا نہیں آئندہ سماعت پر دلائل دیں، وکیل عمران خان نے کہا کہ دائرہ اختیار کا مسئلہ تاحال ہے ہم نے تفتیش کو جوائن کر لی ہے۔

جج راجہ آصف محمود نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی آر میں کچھ دفعات ہمارے دائرہ اختیار میں آتی ہیں اور کچھ دفعات ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، وکیل سلیمان صفدر نے کہا کہ ہم نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی سرکاری ملازم کی وجہ سے اس کیس میں دفعات لگی ہیں تو ہمارا اختیار ہے اور اگر سرکاری ملازم کی وجہ سے نا ہو تو ہمارا اختیار نہیں بنتا، فارن ایکسچینج ایکٹ کی دفعات کا اختیار سیشن جج کا بنتا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے اختیار کا غلط استعمال کرتے ہوئے جلد بازی میں مقدمہ درج کیا، الیکشن کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ حقائق کے منافی اور متعصب ہے۔

درخواست گزار کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے پیچھے سیاسی مخالفین کا ایجنڈا چھپا ہوا ہے، ایف آئی اے نے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی تضحیک کے لیے مقدمہ درج کیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے کی جانب سے چھ اکتوبر کو درج کیے گئے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے جبکہ ضمانت قبل از گرفتاری کی کنفرمیشن تک عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی کل تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے جبکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ایف آئی اے نے مقدمہ کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔