جسقم رہنماؤں مقصود قریشی اور سلمان احمد کی رتو ڈیرو میں تدفین کردی گئی

نماز جنازہ کے بعد دونوں رہنماؤں کی تدفین جسقم کے متوفی رہنما بشیر قریشی کی قبر کے قریب کی گئی


ویب ڈیسک March 24, 2014
دونوں جسقم رہنماؤں کی تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

جئے سندھ قومی محاذ کے سابق چیئرمین بشیر قریشی کے بھائی مقصود قریشی اور رہنما سلمان احمد کو رتو ڈیرو میں سپرخاک کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسقم رہنما مقصود قریشی اور سلمان احمد کی میتیوں کو ایمبولنس کے ذریعے ہزاروں افراد کے قافلے کی صورت میں رتو ڈیرو بائی پاس لایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جسقم کے چیئرمین صنعان قریشی اور نائب چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں، مقامی افراد اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی، نماز جنازہ کے بعد دونوں رہنماؤں کی تدفین جسقم کے متوفی رہنما بشیر قریشی کی قبر کے قریب کی گئی۔

واضح رہے کہ جسقم کے دونوں رہنماؤں کی جمعہ کی صبح نواب شاہ کے بھریا روڈ سے گاڑی میں جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جس کے بعد اندرون سندھ کے کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

مقبول خبریں