اے ڈی بی نے بریس پروگرام کیلیے پاکستان کو 1.5 بلین امریکی ڈالر جاری کر دیے

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بی آر اے سی ای پروگرام کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 1.5 بلین امریکی ڈالر جاری کر دیے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق بریس پروگرام کا مقصد سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور غریبوں اور کمزوروں پر مہنگائی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔

پروگرام کا مقصد سماجی تحفظ، غدائی ضروریات کو پورا کرنے کے اقدامات اور کاروبار کے لیے تعاون کے لیے حکومت کے انسداد سائیکلی ترقیاتی اخراجات کی حمایت کرنا ہے۔

بریس پروگرام مضبوط معاشی بہتری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو تقویت دے گا، بریس پروگرام آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے فریم ورک سے منسلک ہے جوکہ سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط کرے گا۔

حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں حکومت کے بحران سے نمٹنے کے لیے مالیاتی اقدامات کو سپورٹ کرے گا، بریس پروگرام غذائی تحفظ کے اقدامات کو بڑھانے میں مدد کرے گا جبکہ یہ کاروباری اداروں اور روزگار کے تحفظ کے اقدامات کی حمایت میں اضافہ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔