کراچی میں سردی کی لہر داخل موسم خوشگوار آج بھی بارش کا امکان

آج مطلع کہیں ابر آلود اور کہیں جزوی ابر آلود رہے گا، گرم ملبوسات کی خرید و فروخت بڑھ گئی


ویب ڈیسک November 08, 2022
صبح سے شہر میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے (فوٹو فائل)

شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش گزشتہ روز ہوئی، جس سے مختلف علاقوں میں موسم کی شدت میں معمولی اضافہ ہوا جب کہ کئی مقامات پر بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ موسم نسبتاً سرد ہونے سے عرس البلاد کا کے شہری خوش نظر آ رہے ہیں۔

کراچی میں آج بھی صبح سے شہر میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ماہرین نے آج منگل کے روز بھی شہر میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مطلع کہیں ابر آلود اور کہیں جزوی ابر آلود رہے گا ۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

شہر میں 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ دن میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ دن کے اوقات میں ہوا 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

سرد موسم شروع ہوتے ہی جہاں شہر میں گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوا ہے، وہیں شہری خصوصاً بچے اور بزرگ نزلہ زکام کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔

مقبول خبریں