ملک کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا

ملتان، لاہور، کاکول، رسالپور، کالام، سیدوشریف، مالم جبہ، دیر، پاراچنار اور بنوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔


ویب ڈیسک March 28, 2014
ملتان، لاہور، کاکول، رسالپور، کالام، سیدوشریف، مالم جبہ، دیر، پاراچنار اور بنوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ فوٹو: فائل

ملک کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سوات، چترال اور دیگر بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑہ لی جب کہ ایک دن کے وقفے کے بعد پشاور میں بارش سے خوشگوار موسم کی دلفریبی میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ کاکول، رسالپور، چراٹ، کالام، سیدوشریف، مالم جبہ، دیر، پاراچنار اور بنوں میں بھی بارش نے فضا میں موجود آلودگی اور کثافتوں کو دھو ڈالا ہے۔ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے جاری بارش نے موسم کی رنگینی کو چار چاند لگا دیئے ہیں اور زندہ دلان لاہور کی خوشی کا کوئی ٹھکانا ہی نہیں۔

ابر رحمت نے ملتان اور گردونواح میں بھی جل تھل کر دیا ہے تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو زحمت کا بھی سامنا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رہنے والے بھی موسم بہار کی بارشوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور بارانی علاقوں میں سوکھی زمین سیراب اور کاریز پانی سے بھر گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹے بھی موسم ابرآلود رہنے کی خوشخبری دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔