آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے، آئی ایس پی آر

خالد محمود  بدھ 23 نومبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے جی ایچ کیو کی جانب سے جوائنٹس چیفس آف اسٹاف اور آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کردی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات

دوسری جانب وزارت دفاع نے سمری ملنے کی تصدیق کردی اور بتایا کہ موصول ہونے والے ڈوزیئر میں 6 لیفٹیٹنٹ جنرلز (لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد، لیفٹیننٹ جنرل اظہر، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اور لیفٹیننٹ جنرل عامر کے نام شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی ملاقات، اہم تعیناتی پر مشاورت

وزارت دفاع جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈوزیئر کو وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کرے گا، جس کے بعد حکومت اتحادیوں کی مشاورت سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا انتخاب کرے گی اور پھر اسے منظوری کیلیے صدر مملکت عارف علوی کے پاس بھیجا جائے گا۔

اسے بھی پڑھیں: پاک فوج میں تعیناتیوں کی کوئی سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول نہیں ہوئی، وزیر دفاع

حکومت نے اہم تعیناتی اور دیگر ملکی سیاسی صورت حال پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 23 نومبر کی شام طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔