امید ہے فوج کی نئی قیادت آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کیلیے کردار ادا کرے گی، پی ٹی آئی

رضوان غلزئی  جمعرات 24 نومبر 2022
(ٖفوٹو: فائل)

(ٖفوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاک فوج کے نئے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے  توقع کی ہے کہ فوج کی نئی قیادت ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے، تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضع طور پر ملک میں تفریق پیدا کی۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سمری پر دستخط کردیے

اعلامیے میں کہا گیا کہ ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی کو شہید کیا گیا اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور کے سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کی گئی جس کے نتیجے ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوا، جس سے ملک میں شدید معاشی بحران نے جنم لیا۔

پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی، نئے انتخابات کے ذریعے عوام کو ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائیگا کیونکہ عوام فوج سے توقع رکھتے ہیں کہ بیرونی خطرات کے ساتھ اندرونی معاملات پر غیر جانبدارانہ مؤقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نئے آرمی چیف اور چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقاتیں

پی ٹی آئی اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، پاکستان کا درد رکھنے والے تمام اداروں اور شخصیات کو انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اعلامیے میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور چیف آف آرمی سٹاف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔