پی ٹی آئی کی وفاق پرچڑھائی روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے، رانا ثنا

کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے، رانا ثنا

 اسلام آباد: وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاق پرچڑھائی روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

پی ٹی آئی کے 26 نومبر کےلانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں وزارت داخلہ میں امن وامان سےمتعلق اہم اجلاس ہوا۔

وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو، وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور قائم مقام آئی جی، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد، سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ آئی جی کے پی پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری کے پی آن لائن شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے/دھرنےکے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا ۔ شرکاء نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

شرکاء نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ہدایت کی کہ سیاسی جماعت کیطرف سےوفاق پرچڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں، چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔